بھارتی فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ گر کر تباہ
بھارتی فضائیہ کا ’پیلٹس پی سی- 7 ایم کے 2‘ تربیتی طیارہ چنئی کے قریب علاقے تَمبرا میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ دوپہر تقریباً 2 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، دھماکے کی آواز سن کر مقامی لوگ جائے حادثہ کی جانب دوڑے۔
حادثے میں کسی فرد کے زخمی ہونے یا شہری املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
بھارتی خبر ایجنسی پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں طیارے کے ٹکڑے زمین پر بکھرے دکھائی دیے گئے، جبکہ آس پاس لوگ جمع تھے۔
حادثے کے بعد بھارتی فضائیہ نے تصدیق کی کہ طیارہ ایک معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب یہ حادثے کا شکار ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پائلٹ کی بروقت ایجیکشن کی بدولت کسی قسم کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔