کیف پر روس کے شدید میزائل اور ڈرون حملے: 4 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
روس نے یوکرینی دارالحکومت کیف پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں، جس میں توانائی کے مراکز، رہائشی عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ نشانہ بنے ہیں۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
یوکرین کے حکام کے مطابق، صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روسی افواج نے 430 ڈرونز اور 18 میزائل استعمال کیے، جو کیف پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیف بھی طویل فاصلے کے جوابی حملے کر رہا ہے اور انہوں نے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس پر سخت پابندیاں عائد کریں۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق زیادہ تر ڈرون اور میزائل مار گرائے گئے ہیں، لیکن حکام نے بتایا کہ گرتے ہوئے ملبے سے نو اضلاع میں بلند عمارتیں، ایک اسکول، ایک طبی مرکز اور انتظامی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ کیف کی آبادی تقریباً 3 ملین ہے۔
صدر زیلنسکی نے ایک پوسٹ میں کہا کہ، ”یہ ایک شیطانی حملہ ہے۔ اب تک ہمیں درجنوں زخمیوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جن میں بچے اور ایک حاملہ عورت بھی شامل ہیں۔ افسوس کے ساتھ، چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔“
صدر زیلنسکی نے کہا کہ آزربائیجان کے سفارت خانے کو ایک اسکندر میزائل کے ملبے نے نقصان پہنچایا۔
صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین ان حملوں کا طویل فاصلے سے جواب دے رہا ہے، اور دنیا کو ان حملوں کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کرنی چاہئیں۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے کہا کہ شہر میں کم از کم 29 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو بچے اور ایک حاملہ عورت شامل ہیں، اور نو افراد کو اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔