شائع 14 نومبر 2025 02:53pm

مشہور یوٹیوبر نے سعودی عرب میں اپنا پہلا تھیم پارک ’بیسٹ لینڈ‘ لانچ کردیا

دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے جمعرات کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں اپنا پہلا تھیم پارک ”بیسٹ لینڈ“ لانچ کردیا، جو اُن کے معروف ”اینڈ یورینس چیلنج“ ویڈیوز پر مبنی ہے۔ یہ تھیم پارک سعودی عرب کی بدلتی ہوئی تفریحی پالیسی اور عالمی تفریح کے مرکز بننے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے، جس میں پہلے ہی کرسٹیانو رونالڈو، ناؤمی کیمبل اور صوفیہ ورگارا جیسی شخصیات شامل ہو چکی ہیں۔

دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر جیمز ڈونلڈسن، جو ’’مسٹر بیسٹ‘‘ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں، اس ماہ اپنے یوٹیوب چینل کے 100 ارب ویوز مکمل ہونے کی خوشی بھی منا رہے ہیں۔ نئے پروجیکٹ ”بیسٹ لینڈ“ کے افتتاح سے قبل انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ لمحہ ان کی زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے۔ ان کی یہ گفتگو کم از کم نو انٹرویوز میں سے ایک تھی جو انہوں نے اپنی سعودی پی آر مہم کے دوران مختلف میڈیا اداروں کو دیے۔

مسٹر بیسٹ اور بالی وُڈ کے تینوں خان ایک فریم میں، سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی

مسٹر بیسٹ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی سب سے عام خواہش یہی ہوتی ہے کہ وہ ’’مسٹر بیسٹ کی ویڈیو‘‘ میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ”بیسٹ لینڈ“ اسی خواہش کو حقیقت میں بدلنے کی ایک کوشش ہے، جہاں لوگ آکر خود اُن ہی جیسے اینڈ یورَنس چیلنجز اور تجربات کو حقیقی زندگی میں محسوس کر سکتے ہیں۔

سعودی عرب میں یہ تبدیلی کراؤن پرنس محمد بن سلمان کی وژن 2030 کا حصہ ہے، جو ملک کو تیل پر انحصار سے ہٹاکر ایک جدید تفریحی اور سیاحتی مرکز بنانے پر کام کر رہا ہے۔ کبھی سخت قدامت پسند سمجھا جانے والا ملک، جہاں برسوں تک سینما اور کنسرٹس پر عملی طور پر پابندی تھی، اب ریاض سیزن کے ذریعے آدھے سال تک جاری رہنے والے عالمی معیار کے مقابلے، شوز اور تفریحی سرگرمیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

”بیسٹ لینڈ“ نیون بلیو روشنیوں میں جگمگاتے ہوئے رولرکوسٹروں، رائیڈز اور امریکی گلیڈیئیٹر اسٹائل چیلنجز کا امتزاج ہے۔ ایک مشہور گیم میں کھلاڑیوں کو ایک بٹن کے روشن ہوتے ہی اسے تھپتھپانا ہوتا ہے، اور جو آخری ہوتا ہے وہ ’’کشنڈ ڈوم“ میں گر جاتا ہے۔ یہ تھیم پارک نہ صرف تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ مسٹر بیسٹ کے نئے ویڈیوز کے لیے اسٹوڈیو اسپیس بھی مہیا کرتا ہے، جو ان کے مطابق سعودی عرب میں آسانی سے دستیاب ہے۔

سعودی عرب نے سالانہ 10 کروڑ سیاحوں کا ہدف کیسے حاصل کیا

مسٹر بیسٹ کا کہنا ہے کہ ان کے 70 فیصد مداح امریکا سے باہر ہیں، اس لیے انہیں ریاض جیسی عالمی جگہ بہترین لگی۔ ان کے مطابق، ”آکر دیکھیں، سعودی عرب آپ کی توقع سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہے۔“

سعودی عرب میں عالمی ستاروں کو لانے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی جاتی رہی ہے۔ مثال کے طور پر، رونالڈو کا ”النصر“ کے ساتھ معاہدہ 200 ملین ڈالر سے زائد بتایا جاتا ہے۔

اگرچہ مسٹر بیسٹ دنیا بھر میں بے مثال مقبولیت رکھتے ہیں، مگر تنازعات سے بھی دوچار رہے ہیں۔ مئی میں میکسیکو نے ایک کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس کے بارے میں حکام کا کہنا تھا کہ اس نے مسٹر بیسٹ کے ساتھ مل کر ملک کے قدیم ’مایا اہرام‘ میں ایک ویڈیو شوٹ کرنے میں تعاون کیا تھا۔ اس واقعے نے اس بحث کو پھر سے جنم دیا کہ سیاحتی یا تفریحی مواد بناتے وقت تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کے احترام کو کس طرح یقینی بنایا جائے۔

Read Comments