شائع 14 نومبر 2025 10:39am

لاہور میں وکلا تنظیموں کا آج یومِ سیاہ اور ہڑتال کا اعلان

لاہور میں وکلا نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے خلاف آج یومِ سیاہ منانے اور مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج یومِ سیاہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

وکلا تنظیموں نے پارلیمنٹ سے منظور کی گئی 27ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے آج مکمل ہڑتال کا بھی اعلان کیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ مشترکہ اجلاس ایوانِ عدل لاہور میں منعقد ہوگا جہاں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

27ویں ترمیم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے 2 ججز مستعفی

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے دو ججز، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ جس کے بعد لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے رکن اور سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

دوسری جانب جسٹس امین الدین ملک کی پہلی وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت کی جانب سے گزشتہ شب انکی تقرری کی منظوری دی گئی تھی۔

Read Comments