’اب سب اوپر والے کے ہاتھ میں ہے‘، دھرمیندر کی اہلیہ کا تشویش ناک بیان
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندرکے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ان کی اہلیہ، اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمان ہیما مالنی کا پہلی بار بیان سامنے آیا ہے.
دھرمیندر دو ہفتے اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے فارغ ہوکر اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ 89 سالہ اداکار کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
دھرمیندر کی صحت کے حوالے سے ان کے مداحوں اور فلم انڈسٹری کے ساتھیوں نے دعاگو رہتے ہوئے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
دھرمیندر کی موت کی افواہیں، ہیما مالینی اور ایشا دیول کی سختی سے تردید
این ڈی ٹی وی کے مطابق ان کے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ان کی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی نے بھی پہلی بار ردِ عمل دیا۔ انہوں نے کہا، ’یہ وقت میرے لیے بہت مشکل تھا، مگر میں خوش ہوں کہ دھرم جی اب گھر واپس آگئے ہیں۔‘
ہیما مالنی نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور اہانہ دیول سمیت تمام اہلِ خانہ کے لیے یہ دن بہت کٹھن رہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر کی پہلی شادی سے ان کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول بھی سخت پریشان تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ، ’دھرم جی کی صحت ہمارے لیے بہت بڑی تشویش کا باعث رہی۔ ان کے بچے بےچین ہیں، کوئی سو نہیں پا رہا۔ میں بھی کمزور نہیں پڑ سکتی کیونکہ بہت سی ذمہ داریاں ہیں۔ لیکن ہاں، میں خوش ہوں کہ وہ گھر واپس آگئے ہیں۔‘
ہیما مالنی نے مزید کہا، ’ہم سب کو سکون ہے کہ وہ اسپتال سے گھر آگئے ہیں۔ انہیں اپنے چاہنے والوں کے درمیان رہنے کی ضرورت ہے۔ باقی سب اوپر والے کے ہاتھ میں ہے۔ برائے کرم ہمارے لیے دعا کیجیے۔‘
ذرائع کے مطابق، اسپتال میں قیام کے دوران دھرمیندر کو کچھ وقت کے لیے وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔ ایک دن قبل سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی جھوٹی خبریں بھی گردش کرنے لگیں، جس پر ہیما مالنی نے میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
دھرمیندر اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے، اہل خانہ کی تصدیق
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ،’یہ ناقابلِ معافی ہے کہ ذمہ دار نیوز چینلز کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائیں جو علاج کے دوران صحت یاب ہو رہا ہو۔ یہ غیرذمہ دارانہ اور بے حسی پر مبنی رویہ ہے۔ براہِ کرم خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘
اداکار کے معالج ڈاکٹر پرتیت سمڈانی نے تصدیق کی کہ دھرمیندر کی علاج کا سلسلہ گھر پر ہی جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے مقبول جوڑے دھرمیندر اور ہیما مالنی ایک ساتھ نہیں رہتے۔ دھرمیندر،اپنی پہلی بیوی پرکاش کور کے ساتھ رہتے ہیں، جن سے ان کے چار بچے ہیں، جن میں معروف اداکار سنی دیول اور بوبی دیول بھی شامل ہیں۔
ایک پرانے انٹرویو میں 77 سالہ اداکارہ ہیما مالنی نے دھرمیندر سے علیحدہ رہنے کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا،’مجھے اس بات کا کوئی دکھ نہیں، نہ ہی میں اداس ہوں۔ میں اپنی زندگی میں خوش ہوں۔ میری دو بیٹیاں ہیں، جنہیں میں نے بہت اچھی طرح پالا ہے۔ ظاہر ہے، وہ (دھرمیندر) ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے۔ کوئی شوہر اور بیوی الگ رہنا نہیں چاہتے، مگر بعض اوقات حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ انسان کو حقیقت قبول کرنا پڑتی ہے۔‘