شائع 13 نومبر 2025 08:44am

اسلام آباد دھماکے کے بعد دشمن کی چال ناکام، پاکستان نے اعلیٰ سفارتکاری سےکرکٹ بچا لی

اسلام آباد دھماکے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل پر پیدا ہونے والی بے یقینی بالآخر ختم ہوگئی۔ پاکستان کی اعلیٰ سطح کی سفارتکاری نے دشمن کی چال ناکام بنا دی۔ دشمن ایک بار پھر دہشت گردی کے واقعات کی آڑ میں پاکستان سے انٹرنیشنل کرکٹ کا خاتمہ چاہتا تھا۔

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے اسلام آباد پہنچ گئی ہے جبکہ سری لنکا نے بھی پاکستان کے ساتھ ون ڈے اور سہ ملکی سیریز جاری رکھنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس فیصلے نے نہ صرف پاکستانی شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان میں کھیل اور امن دونوں محفوظ ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خُودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوگئے تھے، یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا تھا، جب راولپنڈی میں گرین شرٹس اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ میچ بھی جاری تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق، دوسرا ون ڈے میچ جو 13 نومبر کو ہونا تھا، اب 14 نومبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ون ڈے 16 نومبر کو ہوگا۔

پی سی بی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ

محسن نقوی نے اپنے ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ “سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔”

ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی سری لنکن ٹیم کے فیصلے کو سراہا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ “سری لنکن ٹیم نے بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کیا ہے، ان کے لیے نیک خواہشات اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں سری لنکا کا کردار قابلِ تعریف ہے۔”

دوسری جانب پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول اور وینیو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب یہ سیریز صرف راولپنڈی میں 18 سے 29 نومبر تک کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکن اور زمبابوے بورڈز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فول پروف سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی وطن واپس جانا چاہے تو اس کی جگہ متبادل کھلاڑی پاکستان بھیجے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے واپسی کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم کوچنگ اسٹاف سمیت زیادہ تر کھلاڑیوں نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر اور ٹیم منیجر سے ملاقات کرکے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ کسی قسم کا خطرہ نہیں، اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات موجود ہیں۔

دورہ ادھورا چھوڑنے والےکھلاڑی پر 2 سال کی پابندی

سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ سری لنکن بورڈ کے ذرائع کے مطابق دورہ ادھورا چھوڑنے والےکھلاڑی پر 2 سال کی پابندی عائد کی جائے گی۔

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم نے آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا، پاکستان ٹیم نے آج آرام کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم نےبھی شام میں شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کردیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے در میان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا و ن ڈے جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلاجائےگا، جس کے بعد پاکستان ، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان ٹرائی سیریز بھی شیڈول ہے۔

Read Comments