پی سی بی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ
سری لنکن کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی کی درخواست کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
بدھ کو سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سری لنکن ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے پاکستان میں جاری دورے کے دوران حفاظتی خدشات کے باعث وطن واپسی کی درخواست کی ہے۔
اس صورت حال کے بعد سری لنکن بورڈ نے فوری طور پر کھلاڑیوں سے رابطہ کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ تمام سیکیورٹی معاملات پاکستان کرکٹ بورڈ اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے حل کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیم کے ہر رکن کی حفاظت اور فلاح یقینی بنائی جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ نے تمام کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق دورہ جاری رکھیں، اگر کوئی کھلاڑی یا عملے کا رکن ہدایات کے باوجود وطن واپس جانے کا فیصلہ کرتا ہے تو ان کی جگہ فوری طور پر متبادل کھلاڑی بھیجے جائیں گے تاکہ دورہ متاثر نہ ہو۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر کوئی فرد ایس ایل سی کی ہدایات کے برعکس وطن واپس جاتا ہے تو اس کے عمل کا باضابطہ جائزہ لیا جائے گا اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کی دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست
قبل ازیں ون ڈے سیریز اور سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کردی۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجرکا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہيں، کھلاڑی دورہ پاکستان جاری نہیں رکھنا چاہتے۔
چیئرمین پی سی بی کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات
بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سینے ویراتنے نے ملاقات کرکے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کرکٹ ٹیم کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہمارے اسٹيٹ گیسٹ ہیں، فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے، مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔