شائع 12 نومبر 2025 03:41pm

پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگیا

آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں شکست کے بعد سری لنکا پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

منگل کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر پاکستان آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے۔

تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے زبردست مقابلے کے بعد سری لنکا کو چھ رنز سے ہرایا۔ اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی بلکہ عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری حاصل کی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ عالمی درجہ بندی کے مطابق قومی ٹیم اِس وقت ون ڈے میں چوتھے جبکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی بیٹرز سلمان آغا 14 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے میچ میں 87 گیندوں پر ناقابلِ شکست 105 رنز اسکور کیے۔

نوجوان بلے باز صائم ایوب بھی جنوبی افریقا کے خلاف دو نصف سنچریوں کی بدولت 18 درجے ترقی پاکر مشترکہ طور پر 35ویں نمبر پر آ گئے۔

ون ڈے انٹرنیشنل کے بالنگ کے شعبے میں حارث رؤف، جنہوں نے سری لنکا کے خلاف چار وکٹیں حاصل کیں، تین درجے ترقی کے بعد 28ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

لیگ اسپنر ابرار احمد اگرچہ وہ سری لنکا کے خلاف میچ میں شامل نہیں تھے، تاہم جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے میں 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں لینے کے بعد وہ بالنگ رینکنگ میں 17 درجے اوپر آگئے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ جہاں پاکستان سیریز اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

Read Comments