افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے دوسری شادی کرلی
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر راشد خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے دوسری شادی کرلی ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر راشد خان کی ایک خاتون کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہورہی تھیں، جن میں وہ روایتی افغان لباس میں ایک تقریب میں موجود دکھائی دے رہے تھے۔ مداحوں کی جانب سے طرح طرح کے اندازے لگائے جا رہے تھے کہ یہ ان کی نئی شادی کی تقریب ہے۔
افغان لیگ اسپنر راشد خان ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون بولر بن گئے
راشد خان نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک طویل پیغام میں لکھا، ’2 اگست 2025 کو میں نے اپنی زندگی کا نیا اور اہم باب شروع کیا۔ میرا نکاح ایک ایسی خاتون سے ہوا جو محبت، سکون اور شراکت کی وہ مثال ہیں جس کی میں ہمیشہ سے تمنا کرتا تھا۔ حال ہی میں میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک چیریٹی ایونٹ میں شریک ہوا، لیکن افسوس کہ کچھ لوگوں نے اس سادہ لمحے کو غلط معنی دیے۔ سچ یہ ہے کہ وہ میری بیوی ہیں، اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ فخر سے کھڑے ہیں، کچھ بھی چھپانے کی ضرورت نہیں۔‘
راشد خان نے اپنی پہلی شادی اکتوبر 2024 میں کابل میں کی تھی، جس میں کئی معروف افغان کرکٹرز نے شرکت کی تھی۔ اسی رات ان کے تین بھائیوں عامر خلیل، ذکی اللہ، اور رضا خان نے بھی نکاح کیا تھا، جو افغان میڈیا میں ایک منفرد خاندانی تقریب کے طور پر سامنے آیا تھا۔
ان کی تازہ وائرل ویڈیو دراصل راشد خان فاؤنڈیشن کے افتتاح کے موقع پر نیدرلینڈز میں لی گئی تھی۔ یہ فلاحی تنظیم افغانستان میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کب ریٹائر ہورہے ہیں؟
راشد خان نے اپنی پوسٹ میں ان مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے مثبت رویہ اختیار کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
راشد خان، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دنیا کے صفِ اول کے اسپنرز میں شمار ہوتے ہیں، اس وقت 182 وکٹوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر ہیں۔
حالیہ ایشیا کپ 2025 میں انہوں نے افغانستان کی قیادت کی، تاہم ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔