اپ ڈیٹ 12 نومبر 2025 03:42pm

سعودی عرب میں پاکستانی نرسوں کے لیے نوکریاں، تنخواہ کتنی؟

سعودی عرب نے صحت کے شعبے میں خواتین نرسوں کے لیے نئے مواقع فراہم کیے ہیں، پاکستانی نرسیں اس پیشکش کا حصہ بن سکتی ہیں۔ یہ پروگرام خاص طور پر اُن خواتین کے لیے ہے جنہوں نے بیچلر آف سائنس نرسنگ کی ڈگری حاصل کی ہو اور عمر چالیس سال سے کم ہو۔ پرومٹرک لائسنسنگ امتحان میں کامیاب امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی اور انہیں براہِ راست انٹرویوز کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔

یہ عہدہ اسپیشل نرس کے طور پر ہے، جس کی ماہانہ تنخواہ 4500 سعودی ریال ہے یہ رقم پاکستانی روپوں میں 3 لاکھ 37 ہزار بنتی ہے۔ ہفتے میں سات دن، روزانہ بارہ گھنٹے کی ڈیوٹی شامل ہے، جس میں پانچ سے چھ گھنٹے فعال مریضوں کی دیکھ بھال پر اور باقی وقت الرٹ رہنے اور دیگر طبی معاونت پر صرف ہوگا۔ اگر نرس چھ روزہ شیڈول اختیار کرے تو معاوضہ ۵۰۰ ریال کم ہوگا، لیکن دیگر سہولتیں ویسی ہی برقرار رہیں گی۔

نوکری کے پیکیج میں رہائش اور سفری سہولتیں بھی شامل ہیں۔ نرسوں کو سعودی عرب میں مفت مشترکہ رہائش فراہم کی جائے گی، جس میں بنیادی فرنیچر، ایئر کنڈیشنگ اور لگژری واش روم شامل ہیں، نیز کام کی جگہ اور رہائش کے درمیان مفت ٹرانسپورٹ بھی دستیاب ہوگا۔ پاکستان سے جدہ کے لیے اکانومی کلاس کے ہوائی ٹکٹ معاہدے کے آغاز اور اختتام پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ہر دو سال بعد ایک واپسی ٹکٹ بھی شامل ہے۔

یہ پیشکش نہ صرف معاشی استحکام کا ذریعہ ہے بلکہ پاکستانی نرسوں کے لیے عالمی معیار کے صحت کے شعبے میں تجربے اور قابلیت کے اظہار کا موقع بھی ہے۔ سعودی عرب کی یہ پالیسی خواتین کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر پہچان دینے کے عزم کا مظہر ہے، اور یہ موقع ایک نرس کے لیے خدمتِ انسانی اور پیشہ ورانہ ترقی کا منفرد امتزاج ہے۔

Read Comments