بھارت: جودھپور میں دھماکے کی آواز نے شہر میں خوف پھیلا دیا
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں منگل کی شام تقریباً آٹھ بجے ایک زوردار دھماکے کی آواز نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھڑکیاں لرزنے اور عمارتیں ہلنے کی وجہ سے یہ سمجھنے کی کوشش کرنے لگے کہ ہوا کیا تھا۔ ابتدائی طور پر کچھ شہریوں نے اسے زلزلہ یا دہلی کے بعد ایک اور دہشتگرد حملہ سمجھا، اور پھر سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
شہر کے مختلف علاقوں جیسے منڈورے، ناؤ میل، لال ساگر، بھاڈواڑسیا، مہا مندر، مگرا-پونجلا، گاندھی نگر، 80 فٹ روڈ، پاوٹا، ماتا کا تھان، بنار س روڈ اور سارن نگر میں اس زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
سیکڑوں شہریوں نے متعدد بار پولیس اسٹیشن اور پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کر کے اس غیر معمولی واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
نئی دہلی دھماکا، بھارتی خفیہ اداروں کی سازش!
ابتدائی تحقیقات اور سیکیورٹی اداروں کی سرگرمی کے بعد یہ واضح ہوا کہ اس دھماکے جیسی آواز کی اصل وجہ بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کی سُپر سونک پرواز تھی۔ تین طیارے بالترتیب رات 08:01، 08:03 اور 08:11 پر واپس اپنے اڈے پر پہنچے۔ ان میں سے ایک طیارے نے آواز کی رفتار سے تیز پرواز کرتے ہوئےاچانک رفتار کم کی، جس کی وجہ سے “سونک بوم” پیدا ہوا۔
سونک بوم ایک ایسا طبیعیاتی مظہر ہے جو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کوئی طیارہ آواز کی رفتار یعنی تقریباً 1235 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے حرکت کرتا ہے۔ اس دوران ہوا میں دباؤ کی شدید لہر پیدا ہوتی ہے جو زمین پر پہنچتے ہی دھماکے جیسی آواز پیدا کرتی ہے۔ یہ ایک معمولی اور محفوظ واقعہ ہے اور کسی خطرے کی علامت نہیں۔
شہریوں میں خوف پھیلنےکے بعد انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے وضاحت کی کہ یہ آواز کسی زلزلے یا دھماکے کی وجہ سے نہیں بلکہ لڑاکا طیارے کی سپر سونک پرواز کی وجہ سے تھی۔ شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ کوئی خطرہ نہیں ہے اور شہر میں حالات معمول پر ہیں۔
خیال رہے کہ جودھپور کے قریب بھارتی عسکری مشقیں جاری ہیں اور لڑاکا طیاروں کی سرگرمیوں پر پاکستان میں ہائی الرٹ ہے۔