اذان سمیع خان کیسے ہمسفر کی تلاش میں ہیں؟
اداکار و موسیقار اذان سمیع خان نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں ایسے انکشافات کیے ہیں جنہوں نے مداحوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔
زندگی کی دوڑ میں جہاں شہرت اور کام اہم ہیں، وہیں دل کا سکون بھی کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہی سوچ لیے اذان سمیع خان نے حال ہی میں نام فیضان پوڈ کاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت بالکل سنگل ہیں، کسی کو ڈیٹ نہیں کر رہے اور جب بھی ان کی زندگی میں کوئی آئے گا، وہ خود اس بات کا اعلان کریں گے۔
صبا قمر کے ساتھ تنازع پر صحافی نعیم حنیف کا مؤقف سامنے آگیا
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی زندگی میں ایسی کوئی ”کمی“ نہیں جو انہیں کسی رشتے میں جانے پر مجبور کرے۔ وہ اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن ہیں اور خود کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
اذان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت شادی کے بارے میں نہیں سوچ رہے کیونکہ وہ اپنی پوری توجہ اپنے کیریئر پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی پچھلی زندگی میں یہ باتیں سن سن کر تھک چکا تھا کہ میرے پاس وقت نہیں ہے اور میرے لیے کام زیادہ اہم ہے اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جب میں کسی کو وقت دے سکوں گا تب ہی اس کے بارے میں سوچوں گا۔
ان کا ماننا تھا کہ، ’میں ابھی اس مقام پر نہیں ہوں جہاں میں اپنی زندگی کا سارا وقت کسی کو دے سکوں۔ رشتے وقت اور توجہ مانگتے ہیں، اس لیے فی الحال میں اپنے کام اور خود پر فوکس کر رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کے قریبی لوگوں نے بھی انہیں یہی مشورہ دیا کہ وہ فی الحال اپنے خوابوں کو پورا کرنے پر توجہ دیں۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان دوسری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
اذان سمیع خان نے بتایا کہ اب وہ زندگی میں ایک سمجھدار اور سپورٹِو پارٹنر کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں اب وہ وقت گزار چکا ہوں جب محبت صرف دل کی دھڑکن یا تتلیوں جیسا احساس ہوتی تھی۔ ایک دوسرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر وقت گذارنا اتنا اہم نہیں رہا ہے۔اب میں ایک ایسی ہمسفر چاہتا ہوں جو سمجھدار ہو، ایمان دار ہو ، جو میرے خوابوں کا احترام کرے اور مجھے آگے کی جانب بڑھائے اور میں بھی اس کے ساتھ وہی تعاون کر سکوں۔
انہوں نے اس حوالے سے بھی بات کی کہ اکثر مشہور شخصیات شہرت کے بعد جلد طلاق کی خبروں میں آجاتی ہیں۔ اذان کے مطابق، ’اکثر لوگوں کو لگتا ہے کہ قصور صرف مشہور شخص کا ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں ان سے جڑی توقعات بھی بدل جاتی ہیں۔ نئے ماحول، دباؤ اور رشتوں کی پیچیدگی اکثر فیصلوں کو مشکل بنا دیتی ہے۔‘
اذان سمیع خان نے اس موضوع پر گفتگو کے اختتام پر کہا کہ وہ اپنی زندگی میں محبت، عزت اور توازن چاہتے ہیں۔ ان کے لیے ایک ایسا رشتہ اہم ہے جس میں سمجھ بوجھ اور باہمی احترام سب سے زیادہ ہو۔
یاد رہے کہ اذان سمیع خان دو معروف فنکاروں زیبا بختیار اور عدنان سمیع کے صاحبزادے ہیں اور کم عمری میں ہی اپنے منفرد فن سے انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 20 سال کی عمر میں اپنی بچپن کی دوست صوفیہ بلگرامی سے 2014 میں شادی کی تھی ، جو کامیاب نہ ہوسکی۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔