اپ ڈیٹ 12 نومبر 2025 11:23am

صبا قمر کے ساتھ تنازع پر صحافی نعیم حنیف کا مؤقف سامنے آگیا

صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر کے حوالے سے دیے گئے بیانات کے بعد اٹھنے والے تنازع پر اپنا واضح مؤقف پیش کردیا ہے۔

پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ صبا قمر ہمیشہ اپنی شاندار اداکاری اور نڈر شخصیت کے باعث خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔ ڈرامہ اور فلم دونوں میدانوں میں ان کے کام کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی سراہا گیا ہے۔ تاہم حال ہی میں ان کا نام ایک نئے تنازع کا شکار بنا، جس میں معروف صحافی نعیم حنیف نے ان کے ماضی سے متعلق کچھ دعوے کیے۔

’کراچی مخالف‘ بیان پر صبا قمر کا ناقدین کو کرارا جواب

صحافی نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ صبا قمر لاہور میں جس گھر میں رہتی تھیں وہ مبینہ طور پر ایک شخص نے انہیں فراہم کیا تھا اور اگر اداکارہ کو کسی بھی شہر میں گھر فراہم کیا جائے تو وہ وہاں رہنے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں۔

صبا قمر نے ان الزامات کا سختی سے نوٹس لیا اور نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا، جس میں انہوں نے معافی مانگنے اور پروگرام یوٹیوب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے وقار اور ساکھ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کریں گی اور کسی بھی بے بنیاد الزام کے سامنے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

اس کے بعد کئی شوبز شخصیات نے صبا قمر کے دفاع میں بیانات دیے، جبکہ اداکارہ میرا نے نعیم حنیف کی حمایت کی اور انہیں بااصول صحافی قرار دیا۔

اب نعیم حنیف نے حالیہ پوڈکاسٹ نیکسٹ جین میں اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تنقید ایک معمول کی بات ہے اور وہ اسے کھلے دل سے قبول کرتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اتنے تجربہ کار ہیں کہ پہچان سکتے ہیں کہ کب تنقید حقیقی ہوتی ہے اور کب ادائیگی شدہ اور خریدی جاتی ہے۔

صبا قمر نے نعمان اعجاز کو بھگوان کہہ ڈالا، صارفین سیخ پا

نعیم حنیف کے مطابق یہ تنازع ان کے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں بلکہ انہوں نے صرف اپنا نقطۂ نظر بیان کیا تھا۔ وہ اس پیشے میں کئی برسوں سے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہیں میڈیا کے ابتدائی اور بڑے ناموں نے تربیت دی ہے، اس لیے وہ سنسرشپ اور دباؤ سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی صحافتی دیانت پر قائم رہے ہیں اور ہر حال میں اپنے مؤقف پر ڈٹے رہتے ہیں۔ نعیم حنیف کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنی صحافت کو ہمیشہ شفاف اور معتبر رکھا ہے۔

Read Comments