دھرمیندر اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے، اہل خانہ کی تصدیق
بھارتی فلم نگری کے سینئر اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے بدھ کی صبح ڈسچارج کردیا گیا۔ 89 سالہ لیجنڈری اداکار کو 31 اکتوبر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر پروفیسر پرتیت سمدا نی، جو دھرمیندر کا علاج کر رہے تھے، نےتصدیق کی ہے کہ اداکار کی دیکھ بھال اب گھر پر ہی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا، ’دھرمیندر جی کو آج صبح تقریباً 7 بجکر 30 منٹ پر اسپتال سے فارغ کیا گیا۔ خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کا علاج اب گھر کے ماحول میں کیا جائے گا۔‘
دھرمیندر کے اہل خانہ نے بھی میڈیا کو ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے عوام سے افواہیں پھیلانے سے گریز کی اپیل کی۔
بیان میں کہا گیا، ’مسٹر دھرمیندر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں اور گھر پر صحت یابی کا عمل جاری رکھیں گے۔ ہم میڈیا اور عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ کسی بھی قسم کی قیاس آرائی سے گریز کریں اور ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔ آپ سب کی محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے لیے ہم شکر گزار ہیں۔‘
دھرمیندر کی موت کی افواہیں، ہیما مالینی اور ایشا دیول کی سختی سے تردید
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اداکار کی موت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیل گئیں جس پر ان کی بیٹی ایشا دیول نے انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ، میرے والد بالکل ٹھیک ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ میڈیا بے بنیاد خبریں نہ پھیلائے۔
ایشا دیول نے اس پوسٹ کے تبصرے بند کر دیے تاکہ مزید افواہیں نہ پھیل سکیں۔
بعدازاں اداکارہ اور دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی نے بھی سوشل میڈیا پر میڈیا کے غیر ذمہ دار رویے کی مذمت کی۔
انہوں نے لکھا، ’یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ کچھ چینلز ایک صحتیاب ہوتے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں۔ براہ کرم خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘
تعزیت پر گئے جیتندر سیڑھیوں سے گر گئے، اب کس حال میں ہیں؟
دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول کی ٹیم نے بھی گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ ’دھرمیندر صحت کی جانب بڑھ رہے ہیں اور خاندان کو مکمل صحت یابی کی امید ہے۔‘
ذرائع کے مطابق اداکار کو 10 نومبر سے وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا تھا، تاہم ان کی حالت اب بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔
دھرمیندر کی عیادت کے لیے فلمی دنیا کے کئی بڑے نام اسپتال میں ان کی عیادت کے لیے پہنچے تھے ، جن میں ہیما مالنی، سنی دیول، بوبی دیول، سلمان خان، شاہ رخ خان، گووندا، اور عامر خان شامل تھے۔
دھرمیندر بھارتی سینما کے اُن درخشاں ناموں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ”شعلے“، ”چپکے چپکے“، ”میرا گاؤں میرا دیش“ اور ”ڈریم گرل“ جیسی لازوال فلموں میں اپنی اداکاری سے دل جیتے۔
وہ حال ہی میں ”تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا“ میں نظر آئے تھے، جبکہ ان کی اگلی فلم ”اکیس“ میں وہ اگستیہ نندا کے ساتھ نظر آئیں گے، جو 25 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی۔