کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گرد حملہ: تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا
جنوبی وزیرستان میں واقع کیڈٹ کالج وانا کی صورت حال کے تازہ ترین ویڈیو مناظر سامنے آگئے اور سیکیورٹی فورسز نے کالج میں موجود تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آخری خوارج کو جہنم واصل کرنے تک سیکورٹی آپریشن جاری رہے گا۔
کیڈٹ کالج وانا کی صورت حال کے تازہ ترین ویڈیو مناظر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بچوں کو ریسکیو کرتے دیکھا جا سکتا ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
سیکیورٹی نے بتایاکہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد موجود تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسزکا آپریشن نہایت احتیاط اورحکمتِ عملی سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان خوارج کی کالج میں موجودگی اور کیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن احتیاط سے کیا جارہا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے گا، آخری خوارج کو ہلاک کرنے تک سکیورٹی آپریشن جاری رہے گا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔
کیڈٹ کالج وانا حملہ: ریسکیو کیے گئے کیڈٹس کی ویڈیو منظر عام پر
دوسری جانب کیڈٹ کالج وانا پر فتنہ الخوارج کی جانب سے حملے کے بعد ریسکیو کیے گئے کیڈٹس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کےبزدلانہ حملہ کے خلاف طلبا کےحوصلے بلند ہیں۔ طلبا نے اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا، پاک آرمی نے ہماری حفاظت کی اور الحمدللہ تمام طلبا محفوظ ہیں۔
ایک طالب علم نے کہا کہ میں 12ویں جماعت کا طالب علم ہوں، وزیرستان کے ایک معمولی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں، پاک فوج نے ہمارے لیے یہ کیڈٹ کالج بنایا ہے، ہمیں تعلیم، امن اور ترقی مل سکے، یہ بزدل دہشت گرد ہمیشہ چاہتے تھے، وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں، بزدل دہشت گرد بچوں کوتعلیم سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، ان دہشت گردوں نے ایک بارپھرکوشش کی مگر ناکام رہے اور ہمیشہ ناکام رہیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وانا کیڈٹ کالج حملے کی مذمت
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وانا کیڈٹ کالج حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔لوگ آج بھی دہشت گردی کی جنگ کو بھگت رہے ہیں، عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن دشمنوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔