شائع 11 نومبر 2025 02:54pm

بارش کی کمی؛ شاہ سلمان کی ملک بھر میں نمازِ استسقاء کی اپیل

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے تمام شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 13 نومبر کو ملک بھر میں نمازِ استسقاء ادا کریں۔

سعودی شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اعلان نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ اہلِ ایمان اجتماعی طور پر بارش کے لیے دعا کریں۔

شاہی دیوان کے بیان میں کہا گیا کہ ’سب لوگ توبہ و استغفار میں اضافہ کریں، اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں، نیک اعمال، صدقات، نوافل اور ذکر و دعا میں اضافہ کریں اور دوسروں کی مشکلات آسان کرنے کی کوشش کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہم پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور خیر و برکت عطا کرے‘۔

اِن سائیڈ دی حرمین کے مطابق مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں جمعرات کو نمازِ استسقاء کی امامت اور خطبہ شیخ یاسر الدوسری دیں گے۔

سعودی عرب کے پڑوسی ملک کویت میں بھی 8 نومبر کو ملک کی 125 مساجد میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی، جبکہ متحدہ عرب امارات میں صدر شیخ محمد بن زاید کی اپیل پر 17 اکتوبر کو جمعہ کی نماز سے قبل نمازِ استسقاء ادا کی گئی تھی۔

Read Comments