دھرمیندر کی فیملی کہانی: بچوں کی زندگی اور کریئر پر ایک نظر
بالی وُڈ کے لیجنڈ دھرمیندر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ ان کی زندگی صرف فلمی کامیابیوں سے نہیں، بلکہ محبت، رشتوں اور ایک بڑے خاندان کی کہانیوں سے بھی بھری ہوئی تھی۔
دو شادیاں، دو بیٹے اور چار بیٹیاں ، سنی اور بوبی دیول کو تو سب جانتے ہیں، مگر کیا آپ جانتے ہیں دھرمیندر کی بیٹیاں کون ہیں اور ان کے داماد کیا کرتے ہیں؟
بالی وُڈ کے ’ہی مین‘ دھرمیندر انتقال کر گئے؟
آئیے، ذرا اس دلکش خاندان کی کہانی جانتے ہیں۔
پہلی بیوی : پرکاش کور
دھرمیندر نے 1954 میں محض 19 برس کی عمر میں پرکاش کور سے شادی کی۔ یہ شادی فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ہوئی تھی۔ پرکاش کور سے ان کے چار بچے ہوئے، سنی دیول، بوبی دیول، اجیتا دیول اور وجیتا دیول۔
جہاں دونوں بیٹے بالی وُڈ کے سپر اسٹار بنے، وہیں دونوں بیٹیاں خاموشی سے اپنی زندگیوں میں مصروف رہیں۔
اجیتا کرن چودھری: تعلیم اور سادگی کی مثال
دھرمیندر کی بڑی بیٹی اجیتا دیول ایک اسکالر اور استاد ہیں۔ وہ امریکہ میں مقیم ہیں اور وہاں ایک اسکول میں نفسیات پڑھاتی ہیں۔ اجیتا کی شادی بھارتی نژاد امریکی ڈینٹسٹ کرن چودھری سے ہوئی۔یہ جوڑا اپنی دو بیٹیوں نکیتا اور پرینکا چودھری کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہا ہے۔ دھرمیندر اکثر اپنی بڑی بیٹی کے تعلیمی جذبے پر فخر کا اظہار کرتے تھے۔
وجیتا دیول گِل: دہلی کی کامیاب بزنس خاتون
دھرمیندر کی دوسری بیٹی وجیتا دیول نے عملی زندگی میں کاروبار کو ترجیح دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دھرمیندر کی پروڈکشن کمپنی Winner Productions Pvt. Ltd. ان ہی کے نام پر رکھی گئی تھی۔
وجیتا کی شادی دہلی کے معروف بزنس مین ویویک گل سے ہوئی۔ ان کے دو بچے ہیں بیٹا ساحل گل اور بیٹی پررنا گل ہیں۔ وجیتا اس وقت دہلی میں رہتی ہیں اور راج کمل ہولڈنگز اینڈ ٹریڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ میں بطور ڈائریکٹر کام کر رہی ہیں۔
بچن فیملی ایک ساتھ دو گھڑیاں کیوں پہنتی ہے؟
دوسری شادی : ہیما مالنی
دھرمیندر اور بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ ہیما مالنی کی محبت 1970 کی دہائی میں پروان چڑھی۔اس وقت دھرمیندر شادی شدہ تھے، لیکن جب پرکاش کور نے طلاق دینے سے انکار کیا تو دھرمیندر نے ہیما مالنی سے 1980 میں شادی کی۔ اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں ایشا دیول اور اہانا دیول۔
ایشا دیول: محبت، شادی اور جدائی
اداکارہ ایشا دیول نے 2012 میں بزنس مین بھرت تختانی سے شادی کی تھی۔ بھرت تختانی اپنے خاندان کے ساتھ RG Bangles Pvt. Ltd. کے مالک ہیں۔ تاہم 12 سال بعد دونوں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے اور 2024 میں ان کی طلاق ہو گئی۔ ایشا اب اپنی ماں ہیما مالنی کے ساتھ رہتی ہیں اور اپنی دو بیٹیوں کی پرورش پر توجہ دے رہی ہیں۔
ہانا دیول وہرا : خاندانی زندگی میں مطمئن
ہیما اور دھرمیندر کی چھوٹی بیٹی اہانا دیول نے دہلی کے کاروباری شخصیت ویبھوو وہرا سے شادی کی۔یہ جوڑا نہایت خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہا ہے۔ ان کے جڑواں بیٹیاں ”ایسٹریا“ اور ایک بیٹا ڈیرین وہرا ہے۔ اہانا زیادہ تر خاندان اور بچوں کے ساتھ مصروف رہتی ہیں اور شوبز سے دور ہیں۔
دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول آج بھی بالی وُڈ میں ان کے نام کو آگے بڑھا رہے ہیں،جبکہ بیٹیاں تعلیم، خاندان اور کاروبار کے میدانوں میں کامیاب ہیں۔ ان کا خاندان ایک ایسا امتزاج ہے جہاں شہرت اور سادگی، دونوں ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔
دھرمیندر صرف ایک اداکار نہیں، بلکہ ایک عہد، ایک جذبہ اور ایک روایتی خاندانی علامت تھے۔ان کی فلمیں، ان کی مسکراہٹ اور ان کا خلوص ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ان کی فیملی آج بھی ان کی محنت، محبت اور وفا کی تصویر ہے۔