جے یو آئی نے 27 ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے سینیٹر کو پارٹی سے نکال دیا
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (پاکستان) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں حکومتی بل کو سپورٹ کرنے پر سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے خارج کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ سینیٹ میں جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان اور صوبائی امیر بلوچستان سینیٹر مولانا عبد الواسع کی سفارش پر کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مرکزی جماعت نے فوری طور پر سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوں، ورنہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان سینیٹ میں ان کی ڈس کوالیفکیشن کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم منظور کرلی ہے، 64 ارکان نے ترمیمی بل کے حق میں ووٹ دیا جب کہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہ آیا۔
جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر احمد خان نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا حالانکہ جے یو آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔