شائع 10 نومبر 2025 03:06pm

ایکواڈور کی جیل میں خوفناک ہنگامہ آرائی، 31 قیدی ہلاک

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی صوبہ ایل اورو میں واقع مچالا جیل میں پرتشدد جھڑپوں کے دوران کم از کم 31 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں 27 دم گھٹنے سے جبکہ 4 گولیوں کے زخموں سے مارے گئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایکواڈور کی جیل انتظامیہ کے مطابق اتوار کی صبح 3 بجے کے قریب مچالا جیل میں مسلح قیدیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں جن میں فائرنگ، دھماکوں اور چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔

جھڑپ کے دوران چار قیدی موقع پر ہلاک جبکہ 33 قیدیوں اور ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی۔ بعد ازاں، دوپہر کے وقت جیل کے اندر 27 قیدی مردہ حالت میں پائے گئے جن کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔

کولمبیا کی جیل میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات، 51 قیدی ہلاک

جیل انتظامیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق قیدیوں نے “ آپس میں ہی گلا گھونٹ کر” ایک دوسرے کو مارا، تاہم حقائق کی مکمل جانچ کے لیے فارنزک ماہرین کو موقع پر بلایا گیا ہے۔

پولیس کی خصوصی فورسز نے جھڑپ کے فوراً بعد جیل میں داخل ہو کر کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد حالات پر قابو پایا۔ تاہم حکام نے تاحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ واقعہ منشیات گروپوں کی لڑائی کا نتیجہ تھا یا نہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ کشیدگی کا تعلق اُن قیدیوں کی منتقلی کے منصوبے سے ہے جنہیں صدر ڈینیئل نوبوآ کی حکومت نے ایک نئی زیادہ سیکیورٹی والی جیل میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا افتتاح اسی ماہ متوقع ہے۔

Read Comments