’15 ہزار گرام کم‘: کرکٹر اعظم خان کے نئے روپ نے لوگوں کو حیران کردیا
کچھ لوگوں کے لیے وزن محض ایک عدد ہوتا ہے، لیکن پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے لیے یہ مسئلہ ان کے کھیل اور فٹنس کی راہ میں رکاوٹ بن چکا تھا۔ اب وہ اپنی صحت اور کارکردگی دونوں بہتر بنانے کے لیے کیا کچھ کر رہے ہیں عوام کی دلچسپی اس میں بڑھتی جارہی ہے۔ ان کی تازہ ترین اپڈیٹ نے لوگوں کو مزید حیران کردیا ہے۔
فٹنس کے حوالے سے اعظم خان پر تنقید ہوتی رہی ہے لیکن اس بار اعظم خان نے سوشل میڈیا پر ایک حیران کن اپڈیٹ شیئر کی ہے اور اپنی شاندار تبدیلی دکھائی۔
سلمان بٹ اعظم خان کی فٹنس پر شدید برہم
انہوں نے بتایا ہے کہ پچھلے دو مہینوں میں انہوں نے 15 کلوگرام وزن کم کیا ہے اور اب وہ زیادہ دبلا اور بہتر کنڈیشن میں آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا، ”15,000 گرام کم، مزید بہتری آنے والی ہے ان شاء اللہ۔“
اعظم خان نے 2021 میں پاکستان کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، لیکن اب تک ان کے مواقع محدود رہے ہیں۔ ان کے کھیل میں کبھی تیز گیندوں کے خلاف مشکلات اور کبھی چھوٹے عرصے کے لیے ٹیم میں شامل ہونے کے بعد باہر ہونا، عام موضوعات رہے ہیں۔ فٹنس اور وکٹ کیپنگ کی تیزی پر ہمیشہ بحث ہوتی رہی ہے۔
ڈومیسٹک اور فرنچائز لیگز میں اعظم خان کو پاور ہٹنگ مڈل آرڈر کے کھلاڑی کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ حالیہ فٹنس اپڈیٹ ان کے مستقل مزاج کھیل کے لیے حوصلہ افزا قدم ہے تاکہ وہ اپنی ٹیم میں شمولیت کے امکانات بڑھا سکیں۔
اعظم خان کی جسمانی تبدیلی کی وائرل تصویر پر حقیقت سامنے آگئی
ان کی توجہ اب وزن کم کرنے اور میچ کی شدت کے مطابق ٹریننگ کرنے پر ہے، اور آنے والے ڈومیسٹک اور لیگ میچز ان کی ترقی کا نیا پیمانہ ہوں گے۔