شائع 09 نومبر 2025 09:31am

کرن جوہر نے ویرات کوہلی کو شو پر بلانے سے کیوں انکار کیا؟

بولی وُڈ کے معروف فلم ساز اور میزبان کرن جوہر نے ایک حالیہ گفتگو میں واضح کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ویرات کوہلی یا کسی بھی کرکٹر کو اپنے مشہور شو ”کافی وِد کرن“ میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔

کرن جوہر نے یہ بات ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہی۔ گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کہ وہ کون سی مشہور شخصیت ہے جو ہمیشہ ان کے شو کی دعوت ٹھکرا دیتی ہے؟ اس پر کرن جوہر نے فوراً رنبیر کپور کا نام لیا اور بتایا کہ ”وہ پہلے آچکے ہیں، مگر پچھلے تین سیزنز سے انکار کر رہے ہیں۔“

آریان کا بڑی اسکرین پر ڈیبیو، والد شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا منصوبہ

جب ثانیہ مرزا نے سوال کیا کہ ایسا کون سا شخص ہے جو کبھی شو پر نہیں آیا، تو کرن جوہر نے چند لمحوں کے بعد مسکراتے ہوئے کہا، ’میں نے ویرات کوہلی کو کبھی نہیں بلایا اور انہیں بلانے کا کوئی ارادہ بھی نہیں۔ ہارڈک اور راہول کے ساتھ جو کچھ ہوا، اُس کے بعد میں نے طے کر لیا کہ کرکٹرز سے فاصلہ بہتر ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ، ’کچھ لوگوں کے بارے میں مجھے اندازہ تھا کہ وہ ویسے بھی نہیں آئیں گے، اس لیے انہیں بلانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔‘

واضح رہے کہ سال 2019 میں ”کافی وِد کرن“ کے ایک ایپیسوڈ میں کرکٹرز ہارڈک پانڈیا اور کے ایل راہول شریک ہوئے تھے۔ شو کے دوران ہارڈک پانڈیا نے خواتین کے بارے میں کچھ غیر مناسب تبصرے کیے جنہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بیانات میں انہوں نے فخر سے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی اور مذاق میں یہاں تک کہا کہ وہ خواتین کے ساتھ رویہ ”ویسٹ انڈین کھلاڑیوں اور بلیک کلچر“ کو دیکھ کر سیکھے ہیں۔ یہ جملے عوامی سطح پر غیر شائستہ اور عورت مخالف قرار دیے گئے۔

’بوڑھے لوگ معاشقہ چھپانے میں ماہر ہوتے ہیں‘: اکشے کمار کی اہلیہ نے یہ جملہ کیوں کہا؟

واقعے کے بعد بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی کی، انہیں عارضی طور پر ٹیم سے معطل کر دیا اور فی کس 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔

ہارڈک پانڈیا نے بعد میں سوشل میڈیا پر معافی مانگی اور لکھا کہ وہ ”شو کے مزاحیہ انداز میں بہک گئے تھے۔“ مگر تب تک شو کی قسط پلیٹ فارم سے ہٹا لی گئی تھی۔

اس وقت بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی دونوں کھلاڑیوں کے بیانات سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ٹیم ان خیالات کی حمایت نہیں کرتی۔ یہ دونوں کھلاڑیوں کی ذاتی رائے تھی اور انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔‘

کرن جوہر نے بعد میں تسلیم کیا تھا کہ وہ اس واقعے کے بعد کافی پریشان رہے۔ ان کے مطابق، ’یہ میرا شو تھا، میرا پلیٹ فارم۔ مہمانوں کی باتوں کے نتیجے میں جو ردِعمل آیا، وہ میرے دل پر بھی بوجھ بن گیا۔ میں نے کئی راتیں جاگ کر گزاری ہیں۔‘

اسی تجربے کے بعد کرن جوہر نے فیصلہ کیا کہ مستقبل میں وہ صرف فلمی شخصیات کو ہی شو پر مدعو کریں گے۔

Read Comments