اپ ڈیٹ 08 نومبر 2025 08:52pm

باکو میں یومِ فتح کی تقریب: شہباز شریف، اردوان اور علیوف کا اتحاد و بھائی چارے کا شاندار مظاہرہ

باکو میں آذربائیجان کے یومِ فتح کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں تینوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ پاک فوج کا ایک خصوصی دستہ بھی یومِ فتح کی پریڈ میں شریک ہوا، جس پر آذربائیجان کے عوام نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان نے آذربائیجان کا جس خلوص اور دوستی سے ساتھ دیا، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ صدر علیوف نے کہا کہ میرے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کی تقریب میں شرکت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے جبکہ صدر اردوان کی موجودگی ہمارے اتحاد کی علامت ہے۔

صدر علیوف نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں دوستوں نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، وہ ہمارے قومی سرمائے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اپنی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے سفر میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور اپنے دوست ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعثِ افتخار ہے۔ میں پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین برادر ممالک ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ تینوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، چاہے وہ جنگ کا میدان ہو یا عالمی فورمز۔ انہوں نے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھ کر سنایا اور کہا کہ آزادی کے حصول کے لیے عزم، اتحاد اور قربانی لازمی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی بہادر افواج نے جس حوصلے اور عزم سے کامیابی حاصل کی، وہ پوری امت مسلمہ کے لیے فخر کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کے منصفانہ مؤقف کی حمایت کی اور بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان کی طرف سے ملنے والی یکجہتی کو کبھی نہیں بھولے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں شاندار کردار ادا کیا اور دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے جنگی طیاروں نے ماضی میں دشمن کے سات طیارے مار گرائے، جو ہماری دفاعی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نگاہ رکھنی ہوگی۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی قیادت میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کو جدید اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے صدر اردوان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات ایک خاندان کی مانند ہیں، جو محبت، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان ایک خاندان کے تین بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے صدر علیوف کی قیادت میں جس عزم اور جرأت سے اپنی سرزمین کا دفاع کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے آذربائیجان کے عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کی خوشی پوری مسلم دنیا کی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پانچویں مرتبہ یومِ فتح کی تقریب میں شریک ہو رہے ہیں اور ہر بار یہ جشن تینوں ممالک کے اتحاد کی ایک نئی علامت بن کر سامنے آتا ہے۔

وزیراعظم آذربائیجان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ

بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد باکو سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔

باکو کے حیدر علیوو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آزربائیجان کے اول نائب وزیراعظم آذر بائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے آزربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان ملاقات آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں یوم فتح کی پریڈ کے موقع پر ہوئی جب کہ ملاقات کے دوران چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاک ترکیہ دوستی دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ترکیہ کا ایک وزارتی وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے اور مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

Read Comments