شائع 08 نومبر 2025 09:58am

امریکا جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا: ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں جنوبی افریقا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں امریکا کا کوئی بھی سرکاری نمائندہ شرکت نہیں کرے گا۔ ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ جنوبی افریقامیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور سفید فام آبادکاروں، خصوصاً افریکانرزکے خلاف تشدد بڑھ رہا ہے۔

“ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ “یہ شرم کی بات ہے کہ جی 20 اجلاس جنوبی افریقا میں منعقد ہو رہا ہے، جہاں افریکانرز کو قتل کیا جا رہا ہے اور ان کی زمینیں غیر قانونی طور پر ضبط کی جا رہی ہیں۔”

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “جب تک یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، کوئی امریکی حکومتی عہدیدار جنوبی افریقا نہیں جائے گا۔ میں 2026 میں میامی، فلوریڈا میں جی 20 کی میزبانی کرنے کا منتظر ہوں۔”

ٹرمپ ماضی میں بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ جنوبی افریقا میں سفید فام افریکانرز کو نسلی بنیادوں پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم جنوبی افریقا کی حکومت ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، جو 22 اور 23 نومبر کو جوہانسبرگ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے، اب دورہ نہیں کریں گے۔ جنوبی افریقا کی وزارتِ خارجہ نے اس حوالے سے تاحال کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

صدر ٹرمپ حالیہ برسوں میں جنوبی افریقا کی مختلف پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، جن میں زمین کی اصلاحات اور اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت میں دائر مقدمہ شامل ہے۔

رواں سال کے آغاز میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی جنوبی افریقا میں ہونے والے جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا دسمبر 2024 سے نومبر 2025 تک جی 20 کی صدارت سنبھالے گا، جس کے بعد 2026 میں امریکا اس کی میزبانی کرے گا۔

Read Comments