ٹرمپ نے مئی کی جھڑپوں میں بھارت کے تباہ شدہ طیاروں کی تعداد بڑھا دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے بھارت کو شرمندہ کردیا ہے۔ میامی میں امریکی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ”مئی کی تین روزہ جھڑپوں کے دوران کُل آٹھ بھارتی طیارے مار گرائے گئے تھے۔“
اس سے قبل صدر ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ مئی میں ہونے والے تصادم میں پاکستان نے سات بھارتی طیارے تباہ کیے تھے۔ لیکن اس بار انہوں نے تعداد میں ایک اور طیارے کا اضافہ کردیا ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ اُس وقت وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ تجارتی معاہدے کے مذاکرات میں مصروف تھے، مگر اچانک خبروں میں آیا کہ دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ، ”میں نے اخبار کے پہلے صفحے پر پڑھا دونوں ملک جنگ میں جا رہے ہیں۔ سات طیارے مار گرائے گئے اور آٹھویں کو بری طرح نقصان پہنچا۔ تو بنیادی طور پر کُل آٹھ طیارے تباہ ہوئے۔“