چینی خلابازوں کی خلا میں ’اسپیشل اوون‘ سے کھانے کی تیاری
چینی خلا بازوں نے ٹیانگونگ اسپیس اسٹیشن پر پہلی بار خلا میں کھانا پکانا پکایا اور باربی کیو کا بھی مزہ لیا۔ شینژو 20 اور شینژو 21 کے عملے نے نیا اوون استعمال کیا، جو مائیکروگریویٹی میں کھانا پکانے کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس اوون کے ذریعے چکن ونگز صرف 28 منٹ میں پکے، جو خلا کے ماحول میں ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے، کیونکہ مائیکروگریویٹی میں کھانا پکانے کا عمل زمین جیسا نہیں ہوتا۔ اوون کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ اسٹیشن کے بجلی کے نظام پر دباؤ ڈالے بغیر مستقل اور دھوئیں سے پاک بیکنگ فراہم کرے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خلا باز چکن ونگز کو خصوصی گرل کیج میں رکھ کر اسپیس اسٹیشن کی دیوار میں نصب چھوٹے کابینیٹ نما اوون میں ڈال رہے ہیں۔
ایروسپیس نالج میگزین کے چیف ایڈیٹر وانگ یانان کے مطابق، ”زمین پر اوون میں ہوا گردش کرتی ہے اور خوراک کو حرارت پہنچاتی ہے، لیکن خلا میں ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے انجینئرز کو ایک منفرد طریقہ وضع کرنا پڑا تاکہ کھانے کو گرم کیا جا سکے، دھوئیں کو کنٹرول کیا جا سکے، اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔“