پہلے ون ڈے میں پاکستان شکست سے بال بال بچ گیا، جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے ہرادیا
پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے تاریخی اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوگئی۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم پاکستان نے 264 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت تو کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈرے پریٹوریئس نے ٹیم کو 98 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، پریٹوریئس 57 رنز بناکر صائم ایوب کا شکار بنے۔
ڈی کوک نے ٹونی ڈی زورزی کے ساتھ ملکر 43 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سینچری بھی مکمل کی، وہ 63 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ زورزی 18 رنز بناکر صائم ایوب کی باؤلنگ پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے 22 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ڈونووین فریرا 3، جارج لنڈے 2، رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کاربن بوش نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس طرح جنوبی افریقا کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف مل گیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 3،3 صائم ایوب 2 جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی بیٹنگ
پاکستان نے 264 رنز کا ہدف 49.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 اور ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے 45 رنز بنا کرقومی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ اس کے علاوہ صائم ایوب 39، بابر اعظم 7، حسین طلعت 22 ، حسن نواز ایک اور محمد نواز 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جارج لنڈے اور بجورن فورچوئن نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے میچ 2 وکٹوں سے جیت کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعرات کو فیصل آباد میں ہی کھیلا جائے گا۔
میچ کا ٹاس
فیصل آباد میں کھیلے جارہے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ دن رات کے فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹاس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کی قیادت کرنے کو اعزاز قرار دیا اور کہاکہ بابر اعظم کا فارم میں آنا پاکستان کے لیے بہت ضروری تھا۔
یہ موقع فیصل آباد کے شائقین کے لیے تاریخی ہے کیوں کہ یہاں آخری بین الاقوامی میچ 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوا تھا۔
پاکستانی اسکواڈ میں تمام بڑے نام شامل ہیں، جن میں بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ جنوبی افریقا کی ٹیم کی قیادت نوجوان بیٹر میٹھیو بریٹزکے کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے تین کھلاڑی ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں، سینیتمبا قیشیلے پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر ڈیوالڈ بریوس کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ اوپنر لوان-ڈرے پریٹوریئس بھی اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں۔
جنوبی افریقا کے اہم کھلاڑی ٹیمبا باووما، کاگیسو ربادا اور مارکو یانسن کو آرام دیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز کونٹن ڈی کوک ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار ایک روزہ میچ میں واپس آئے ہیں۔
میچ کی نگرانی سری لنکا کے سابق کپتان رانجن مادوگالے میچ ریفری کے طور پر کر رہے ہیں جب کہ امپائرز میں آصف یعقوب (پاکستان) اور الیکس وارف (انگلینڈ) شامل ہیں۔
پاکستان اسکواڈ
پاکستان کی ٹیم فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسین طلعت، حسن نواز، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
جنوبی افریقا اسکواڈ
جنوبی افریقا کی ٹیم کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، لوان-ڈرے پریٹوریئس، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے (کپتان)، سینیتمبا قیشیلے، ڈونووین فریرا، جارج لنڈے، کاربن بوش، بیورن فورٹین، لنگی انگیڈی اور لیزاد ولیمزپر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جب کہ ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔