شائع 04 نومبر 2025 03:38pm

بھارت کا نیپالی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستانی ہیڈ کوچ کو ویزا دینے سے انکار

بھارتی حکومت نے نیپال بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور پاکستانی سابق کرکٹر مسعود جان کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔

بھارت کی جانب سے کھیل کے میدان میں سیاست کا ایک اور مظاہرہ سامنے آگیا۔ بھارتی حکومت نے نیپال بلائنڈ ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ مسعود جان کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارتی فیصلے کو افسوسناک اور کھیل دشمنی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

مسعود جان پاکستان کے ایوارڈ یافتہ کرکٹر ہیں، جو 1998 کے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔

انہوں نے اسی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 262 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی، جو آج بھی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس اننگز کی بنا پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا۔

بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ 11 سے 23 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ مسعود جان 10 نومبر تک نیپال ٹیم کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔

Read Comments