کراچی: شہری کو ایک ہی دن میں چار ای چالان موصول
کراچی میں ای چالان کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ سندھ پولیس نے حکیم اللہ نامی شخص کو ایک ہی دن میں چار مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ای چالان بھیج دیے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ تمام چالان ایک ہی تاریخ پر درج ہے۔ حکیم اللہ کا کہنا ہے کہ وہ ماہانہ چالیس ہزار روپے کماتے ہیں، اور ایک ہی دن میں اتنی ہی رقم کے چالان آنا ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ای چالان مہم پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 485 الیکٹرانک چالان کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ 2 ہزار 433 چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر، 511 ہلمیٹ نہ پہننے پر، اور 223 سگنل توڑنے پر کیے گئے۔
کراچی: ڈمپرز ایسوسی ایشن صدر لیاقت محسود کے گارڈ کی عوام پر فائرنگ، مقدمات درج
ادھر ای چالان کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کردی گئی ہے، جس پر عدالت نے چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی جی ایکسائز اور نادرا حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانے غیر منصفانہ اور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔ مثال کے طور پر لاہور میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر صرف 200 روپے کا جرمانہ ہے، جب کہ کراچی میں یہی خلاف ورزی 5 ہزار روپے میں پڑتی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ نے کم از کم تنخواہ 40 ہزار روپے مقرر کی ہے، جس میں پہلے ہی گروسری، بلز اور بچوں کی تعلیم جیسے اخراجات پورے کرنا مشکل ہے، ایسے میں ہزاروں روپے کے چالان عوام پر اضافی بوجھ ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چالان کے نظام کو منصفانہ بنایا جائے اور جب تک فیصلہ نہ ہو، بھاری جرمانے معطل کیے جائیں۔