شائع 04 نومبر 2025 11:50am

ہر کامیاب حملے پر انعام، یوکرین نے ڈرون جنگ کو گیم میں بدل دیا

یوکرینی فوج نے جنگ میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ’آرمی آف ڈرونز بونس سسٹم‘ متعارف کرایا ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق ’آرمی آف ڈرونز بونس سسٹم‘ یوکرینی فوجیوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

اس نظام کے تحت یوکرینی فوجی کامیاب ڈرون حملوں کے عوض پوائنٹس حاصل کرتے ہیں، جنہیں بعد میں ایک آن لائن اسٹور ’بریو 1‘ (Brave1) پر نیا اسلحہ، ڈرونز اور الیکٹرانک وارفیئر آلات خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق اس سسٹم کے تحت اب 400 ڈرون ٹیمیں سرگرم ہیں، جو اگست میں 95 تھیں۔

دنیا کو اسرائیلی فوجیوں کی درندگی دکھانے پر خاتون ملٹری وکیل گرفتار

یوکرین کے نائب وزیرِاعظم میخائیلو فیڈوروف نے کہا کہ ’یہ نظام فوجی یونٹس میں واقعی مقبول ہو چکا ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ جنگ کا انداز جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیزی سے خودکار ہوتا جارہا ہے‘۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’تمام دفاعی فورسز اس سسٹم سے واقف ہیں اور پوائنٹس حاصل کرنے کی دوڑ میں ہیں تاکہ مزید ڈرونز اور جنگی آلات حاصل کیے جا سکیں۔ جتنے زیادہ دشمن فوجی مارے جائیں، اتنے ہی زیادہ ڈرونز حاصل کیے جا سکتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی حکمت عملی بن گئی ہے جو مسلسل مضبوط ہوتی چلی جا رہی ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے صرف ستمبر کے دوران 18 ہزار روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔

اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ یوکرینی فوج نے روسی فوجیوں کو ہلاک کرنے پر دیے جانے والے پوائنٹس کو 6 سے بڑھا کر 12 کر دیا تھا۔

Read Comments