کراچی: ای چالان جرمانوں پر بڑی رعایت کا اعلان
کراچی کے شہریوں کے لیے معافی مانگنے پر پہلا ای چالان منسوخ جب کہ 14 دن میں ادائیگی کی صورت میں چالان کی رقم 50 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد ای چالان کے سلسلے میں شہریوں کے لیے اہم رعایتی پالیسی کا اعلان کردیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اگر کسی شہری کو پہلا چالان موصول ہو تو وہ معافی نامہ جمع کروا کر جرمانے سے استثنیٰ حاصل کرسکتا ہے جب کہ دوسری مرتبہ چالان ہونے کی صورت میں اگر شہری 14 دن کے اندر جرمانہ ادا کرے تو اسے 50 فیصد رعایت دی جائے گی تاہم 21 دن سے زائد تاخیر کی صورت میں مکمل جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، موٹرسائیکل سوار کا سگنل توڑنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے لیکن 14 دن کے اندر ادائیگی کی صورت میں صرف 2500 روپے جمع کرانے ہوں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری مقررہ مدت میں چالان جمع کروا کر رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نئی پالیسی کا مقصد شہریوں کو بروقت ادائیگی کی ترغیب دینا اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنک سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق دوسرا جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔
جس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی ، ویلفیئرز ، ٹریننگ ، ڈی جیز ، سیف سٹی ، ڈی آئی جیز ہیڈ کواٹرز، سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول ، اسٹیبلشمنٹ ، ڈی ایل برانچ ، ٹریفک کراچی ، آئی ٹی ، فنانس ، اے آئی جیز نے بالمشافہ جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے ذریعہ وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔