بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل جیت لیا
بھارت نے پہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل مقابلے میں دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم ممبئی میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا، بھارت کی جانب سے دیے گئے 299 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 246 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔
بھارت کی بیٹنگ
فائنل میچ کا آغاز بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلا ہونے کے باعث 2 گھنٹے تاخیر سے ہوا مگر اوورز میں کٹوتی نہیں ہوئی تاہم بیٹنگ کے لیے بلائے جانے کے بعد بھارتی اوپنرز نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا۔
شفیلی ورما نے 87 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی جب کہ اسمرتی مندھانا نے 45 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا جب کہ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 104 رنز جوڑے۔
شفیلی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی تین سال بعد پہلی ون ڈے ففٹی اور مجموعی طور پر پانچویں نصف سنچری تھی۔
وسطی اوورز میں جنوبی افریقی بولرز نے واپسی کی کوشش کی, ایابونگا کھاکا نے 3 وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بیٹنگ کی رفتار سست کی، جب کہ نونکولولیکو ملبا نے کپتان ہرمن پریت کور کو 20 رنز پر آؤٹ کر کے اہم کامیابی حاصل کی۔