پاکستان سے مزید 5,220 افغان مہاجرین کی واپسی: اب تک کتنے افغانی وطن واپس چلے گئے؟
راولپنڈی میں غیر قانونی مقیم افغانوں اور دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران 63 مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ افغان باشندوں کو مکان کرائے پر دینے والے 18 مالک مکان اور 216 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دوسری طرف طورخم بارڈر کے راستے سے گزشتہ روز 5,220 افغان مہاجرین وطن واپس چلے گئے، جس کے بعد اب تک 8 لاکھ 28 ہزار سے زائد افغان مہاجرین پاکستان سے افغانستان واپس بھیجے جا چکے ہیں۔
افغانستان جانے والے مہاجرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق طورخم بارڈر کے راستے سے گزشتہ روز مزید 5 ہزار 220 افغان شہری اپنے وطن واپس چلے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق واپس جانے والوں میں 5 ہزار 220 پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ ہولڈرز، 401 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جب کہ 2 ہزار 314 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں تھی۔
صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی اب تک بڑی تعداد میں افغان شہری واپس بھیجے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 25 ہزار 392 غیر قانونی افراد، 9 ہزار 620 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور ایک ہزار 498 پروف آف رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے وطن واپس جا چکے ہیں۔
محکمہ داخلہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس سے گزشتہ روز 19 افغان شہریوں کو ڈیپورٹ کیا گیا جب کہ پشاور، لنڈی کوتل اور کوہاٹ کی جیلوں سے مجموعی طور پر 7 ہزار 261 غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
اسی طرح گزشتہ روز ایک ہزار 326 افغان شہریوں نے خیبرپختونخوا میں عارضی قیام کیا جس کے بعد انہیں بھی افغانستان روانہ کردیا گیا۔