بھارتی خواتین کرکٹرز نے ورلڈ کپ جیتا تو مردوں سے زیادہ ’ریکارڈ‘ انعام ملے گا
بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم ایک تاریخی موقع کے قریب ہے۔ ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں پہلی بار جنوبی افریقہ کا سامنا کرتے ہوئے، وہ نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی ویمن کرکٹ ٹرافی جیتنے کی امید رکھتی ہیں بلکہ ایک ریکارڈ انعامی رقم بھی اپنے نام کر سکتی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں ایک نئی چیمپیئن ٹیم سامنے آئے گی۔ انڈین خواتین کرکٹرز کے لیے یہ ورلڈ کپ فائنل میں تیسری شرکت ہے، جبکہ جنوبی افریقہ پہلی بار اس مرحلے تک پہنچا ہے۔ تاہم جیتنے والی ٹیم نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی ویمن کرکٹ ٹرافی جیتے گی بلکہ تاریخی طور پر سب سے زیادہ انعامی رقم بھی حاصل کرے گی، جو کہ 4.48 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 39.78 کروڑ بھارتی روپے) ہے۔
ستمبر 2025 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمن ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔ اس مرتبہ مجموعی ٹورنامنٹ کا انعامی پول 13.88 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 123 کروڑ بھارتی روپے) رکھا گیا ہے، جو 2022 کے مقابلے میں 297 فیصد زیادہ ہے۔
فاتح ٹیم کو ملنے والی رقم 2022 کے مقابلے میں 239 فیصد بڑھ گئی ہے اور یہ رقم مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں جیتنے والی ٹیم کی 4 ملین ڈالر کی رقم سے بہت زیادہ ہے۔ ہارنے والی ٹیم کو فاتح ٹیم کی نصف رقم یعنی 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔
واضح رہے کہ ٹیم انڈیا نے گروپ اسٹیج میں تین جیتوں کے ساتھ پہلے ہی 3 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 3.1 کروڑ بھارتی روپے) کی شرکت کی رقم حاصل کرلی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ نے لیگ کے مرحلے میں دو جیتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے 4 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد رقم حاصل کرلی ہے۔ اگر انڈین ٹیم ورلڈ کپ جیتتی ہے تو ان کی مجموعی انعامی رقم 42 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر جائے گی۔
مزید براں، پریس ٹرسٹ آف انڈیا (PTI) کی رپورٹ کے مطابق سابق بی سی سی آئی سکریٹری اور موجودہ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کے ”مساوی انعام“ کے اصول کے تحت، بی سی سی آئی اس بات پر غور کر رہا ہے کہ ویمن کرکٹ ٹیم کو بھی وہی انعام دیا جائے جو روہت شرما کی قیادت میں مردوں کی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر دیا گیا تھا۔ مردوں کی ٹیم اور سپورٹ اسٹاف کو جنوبی افریقہ کو فائنل میں شکست دینے پر تقریباً 125 کروڑ بھارتی روپے کا انعام دیا گیا تھا۔
ایک بی سی سی آئی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی سے کہا، ”بی سی سی آئی مرد اور خواتین کے لیے مساوی انعام کی حمایت کرتا ہے، اسی لیے اگر ہماری لڑکیاں ورلڈ کپ جیتتی ہیں تو انعام مردوں کی عالمی فتح سے کم نہیں ہوگا۔ لیکن یہ بات قبل از وقت اعلان کرنا مناسب نہیں ہے۔“