بھارت کی خاتون صدر دروپدی مرمو نے بدھ کے روز ہر یانہ کے امبالہ ایئر بیس سے رافیل طیارے میں پرواز کی۔ اس موقع پر صدر مرمو کی جو تصویر سامنے آئی اس نے مہینوں سے جاری قیاس آرائیوں کو بریک لگا دی۔ اس تصویر میں بھارت کی خاتون اسکواڈرن لیڈر شیوانگی سنگھ کو صدر مرمو کے ساتھ دیکھا گیا۔
شیوانگی سنگھ وہی خاتون پائلٹ ہیں جن کے بارے میں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ مئی میں بھارتی جارحیت کے خلاف کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کے رافیل طیارے کو گرا کر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
تاہم، آپریشن کے آغاز میں ہی پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس بریفنگ کے دوران واضح کردیا تھا کہ پاکستان کی تحویل میں کوئی بھارتی پائلٹ نہیں ہے۔
لیکن اسی دوران ان کے برابر میں بیٹھے پاک فضائیہ کے ترجمان ائیروائس مارشل اورنگزیب احمدکی معنی خیز مسکراہٹ نے سوشل میڈیا پر ان افواہوں کو جنم دیا کہ شیوانگی سنگھ پاک فوج کی حراست میں ہیں۔
بھارت نے بارہا ان افواہوں کی تردید کی ، لیکن کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا کہ شیوانگی سنگھ پاکستان میں نہیں ہیں۔
لیکن بدھ کو صدر مرمو کی جہاز سے اترتی تصویر سامنے آنے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ شیوانگی سنگھ جو کہ بھارتی فضائیہ کے گولڈن ایروز اسکواڈرن کی رکن اور بھارت کی واحد خاتون رافیل پائلٹ ہیں، پاکستان کی حراست میں نہیں ہیں۔