بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے 18 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 28 اور 29 اکتوبر کو بلوچستان کے دو مختلف علاقوں، چلتن پہاڑیوں (کوئٹہ) اور بولیدہ (کیچ) میں کی گئیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چلتن پہاڑیوں میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں 14 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی بلوچستان کے علاقے بولیدہ، ضلع کیچ میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔ اس آپریشن میں مزید 4 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الہندستان” سے وابستہ تھے اور بلوچستان میں مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشنز “عزمِ استحکام” کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ملک سے ہر طرح کی دہشتگردی کا خاتمہ اور امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ان کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ “فتنہ الہندستان” کے 18 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والی ان کارروائیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ “یہ قربانیاں پاکستان کے امن اور استحکام کی ضمانت ہیں۔”
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان کے حساس علاقوں میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ “فتنہ الہندستان” جیسے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔