Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2025 10:32am

ٹیرف میں کمی، نایاب معدنیات کی فروخت: چین اور امریکا میں تجارتی معاہدہ طے پاگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیرف میں کمی اور تجارتی معاملات پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کے مطابق چین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ امریکی سویابین کی خریداری دوبارہ شروع کرے گا، نایاب معدنیات کی برآمدات جاری رکھے گا اور غیر قانونی منشیات فینٹانل کی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کرے گا۔

یہ ملاقات جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ہوئی، جو 2019 کے بعد دونوں رہنماؤں کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی۔ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی اور یہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کانفرنس کے موقع پر منعقد ہوئی۔

ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے صدر شی کے ساتھ گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور انہیں گاڑی تک چھوڑنے گئے۔ بعد ازاں امریکی صدر کو ایئرپورٹ پر ریڈ کارپٹ کے ساتھ الوداع کیا گیا۔

ٹرمپ نے ملاقات کے بعد کہا کہ “ہم نے ایک متوازن معاہدہ کیا ہے جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، چین کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔”

انہوں نے بتایا کہ امریکا نے ٹیرف میں نرمی پر اتفاق کیا ہے جبکہ چین نے سویابین کی خریداری بحال کرنے، نایاب معدنیات کی برآمدات برقرار رکھنے اور فینٹانل کی اسمگلنگ روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کی خبر سامنے آنے کے بعد چینی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی۔ حصص کی قیمتیں دس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ چینی یوآن بھی ایک سال کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔ عالمی اسٹاک مارکیٹس، بشمول وال اسٹریٹ اور ٹوکیو، میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔

یہ ملاقات صدر ٹرمپ کے ایشیائی دورے کے اختتام پر ہوئی، جس دوران انہوں نے جنوبی کوریا، جاپان اور دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات میں پیش رفت کا عندیہ دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ وقتی طور پر تجارتی کشیدگی کم کر سکتا ہے، تاہم امریکا اور چین کے درمیان معاشی اور جغرافیائی مقابلے کے باعث یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ مفاہمت کب تک برقرار رہے گی۔

Read Comments