Aaj Logo

شائع 29 اکتوبر 2025 12:23pm

عمران خان سے اجازت ملنے کے بعد سہیل آفریدی آج خیبرپختونخوا کابینہ بنائیں گے

خیبرپختونخوا میں نئی صوبائی کابینہ آج تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کابینہ مختصر رکھی جائے گی، جس میں مینا خان، شکیل خان، فیصل ترکئی، عاقب اللہ، فخر جہاں اور فضل شکور شامل ہوں گے، جبکہ مزمل اسلم کو مشیرِ خزانہ بنایا جائے گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ارکانِ اسمبلی کو اعتماد میں لیا اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں توسیع کا حتمی فیصلہ بانیِ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی منگل کے روز کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کے لیے راولپنڈی پہنچے تھے، مگر انہیں جیل کے اندر جانے نہیں دیا گیا۔ اس سے قبل بھی انہیں دو بار ملاقات سے روکا جا چکا ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے مختصر دھرنا دیا تھا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وہ اس پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے، کیونکہ عمران خان ہی نے انہیں وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ عمران خان سے رہنمائی کے بغیر کابینہ کے ناموں کا اعلان نہیں کریں گے، تاکہ پارٹی نظم و ضبط اور قیادت کی ہدایت کے مطابق فیصلے ہوں۔

دوسری جانب، عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خانم، جنہیں پیر کے روز عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی تھی، انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ سہیل آفریدی کے لیے اپنے بھائی کا پیغام لائی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ کابینہ کی تشکیل میں مکمل اختیار رکھتے ہیں اور حالات کے مطابق اپنی ٹیم خود منتخب کریں۔ عمران خان نے کسی کے نام تجویز نہیں کیے، صرف یہ ہدایت دی ہے کہ ٹیم مختصر اور مؤثر ہو۔

عظمیٰ خانم نے مزید بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کے اندرونی معاملات میں تاخیر، خاص طور پر محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف مقرر نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کے آئندہ تمام پیغامات پارٹی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کے ذریعے پہنچائے جائیں گے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔

دوسری طرف صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کے باعث صوبے کے انتظامی امور مفلوج ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن اراکین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں سیاسی صورت حال اس وقت کشیدگی کا شکار ہے، جہاں ایک طرف وزیراعلیٰ کو اپنی کابینہ تشکیل دینے کا دباؤ ہے اور دوسری طرف عمران خان سے ملاقات نہ ہو پانے پر پارٹی کے اندرونی فیصلے معطل نظر آ رہے ہیں۔

Read Comments