Aaj Logo

شائع 27 اکتوبر 2025 07:39pm

ملکی معیشت میں بہتری، جولائی تا ستمبر ترسیلاتِ زر میں 8 فیصد سے زائد اضافہ

وزارتِ خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیاں مستحکم ہیں اور معیشت بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر، برآمدات اور زرعی قرضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر ترسیلاتِ زر میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا، جو 9.53 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ صرف ستمبر کے مہینے میں ترسیلات زر 11.3 فیصد اضافے سے 3.18 ارب ڈالر رہیں۔

برآمدات میں 6.5 فیصد اضافہ ہو کر 7.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ درآمدات 8.3 فیصد اضافے سے 15.4 ارب ڈالر رہیں۔ ستمبر میں درآمدات 6.9 فیصد بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ تاہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ کر 594 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 34 فیصد کمی واقع ہوئی، جو جولائی تا ستمبر کے دوران 568.8 ملین ڈالر رہی۔ ستمبر میں یہ کمی بڑھ کر 55.5 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے بعد ایف ڈی آئی 185.6 ملین ڈالر رہی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 19.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جن میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14.5 ارب اور کمرشل بینکوں کے 5.4 ارب ڈالر شامل ہیں۔ روپیہ مستحکم ہے اور ایک ڈالر 281 روپے کے برابر برقرار ہے۔

زرعی شعبے میں جولائی تا ستمبر 19.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ نجی شعبے کے قرضوں کا بہاؤ بھی مثبت رہا اور 121.8 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ پالیسی ریٹ 11 فیصد کی سطح پر برقرار ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.44 فیصد، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج انڈیکس میں 83.6 فیصد اضافہ ہوا، جو 1,63,304 پوائنٹس کی تاریخی سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 فیصد بڑھ کر 18.8 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی۔

اسی عرصے میں ملک میں 11 ہزار 250 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد اضافہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ پاکستان کی مضبوط معاشی کارکردگی کا اعتراف ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق حالیہ سیلاب سے زرعی شعبے کو 430 ارب روپے کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ احساس پروگرام اور بی آئی ایس پی کے تحت کم آمدنی والے طبقوں کو اربوں روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔

Read Comments