Aaj Logo

شائع 27 اکتوبر 2025 05:36pm

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار، مطلوبہ تعداد میں ارکان نے دستخط کردیے

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار کر لی گئی ہے، جس پر اراکین سے دستخط کرا لیے گئے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد پر مطلوبہ تعداد میں اراکین کے دستخط موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت جمع کرانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیپلزپارٹی نے تیار کی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر نئے شامل ہونے والے ایم ایل ایز کے دستخط موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کو مزید چار ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی تھی، جس کے بعد پارٹی کی کل تعداد بڑھ کر 27 ہوگئی تھی۔ بعدازاں اس پیش رفت کے بعد آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی راہ ہموار ہوئی۔

پیپلز پارٹی کی انچارج برائے آزاد کشمیر امور فریال تالپور کی اسلام آباد میں مختلف اہم ملاقاتیں ہوئی تھیں جن میں ماجد خان، عاصم بٹ، اکبر ابراہیم اور فہیم ربانی شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی۔

فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں کے ارکان اور بیرسٹر سلطان گروپ کے نمائندے شریک ہوئے تھے۔ وہیں بیرسٹر سلطان گروپ کے پانچ ارکان اور مہاجرین نشستوں کے پانچ ارکان نے بھی پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جبکہ دو ارکان کی حمایت کو فی الحال خفیہ رکھا گیا تھا۔

اسی دوران آزاد کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم ملک ظفر اقبال نے بھی فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے بھی حکومت سازی میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی منظوری دی تھی۔

Read Comments