بھارت کی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان شریاس ایئر کو خطرناک چوٹ لگنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت آئی سی یو (انتہائی نگہداشت وارڈ) میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شریاس ایئر آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران ایک کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوئے۔
انہوں نے پوائنٹ کی پوزیشن سے پیچھے دوڑتے ہوئے الیکس کیری کا کیچ پکڑا، لیکن اس دوران ان کے بائیں پسلیوں پر شدید چوٹ لگی۔
میدان سے ڈریسنگ روم واپسی کے بعد ان کی طبی حالت بگڑ گئی جس پر فوری طور پر انہیں اسپتال لے جایا گیا۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسپتال میں کیے گئے معائنے سے معلوم ہوا شریاس ایئر کی اندرونی چوٹ سے جسم کے اندر خون بہہ رہا ہے۔ انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ گزشتہ دو دن سے زیرِ نگرانی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ان کی حالت خطرے میں ہے۔
ایک قریبی ذرائع نے بھارتی خبر رساں ایجنسی ”پی ٹی آئی“ کو بتایا، “جب رپورٹس آئیں تو اندرونی خون بہنے کی تصدیق ہوئی۔ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ ان کی حالت اب مستحکم ہے، لیکن شروع میں معاملہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا تھا۔”
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر کو کم از کم دو سے سات دن تک اسپتال میں رکھا جائے گا، اور ان کی صحت یابی کا دورانیہ معمول سے زیادہ طویل ہو سکتا ہے۔ ابتدا میں تین ہفتے آرام تجویز کیا گیا تھا، مگر اب امکان ہے کہ وہ زیادہ عرصہ میدان سے باہر رہیں۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے میڈیکل عملے نے ان کے وائیٹل پیرامیٹرز (اہم جسمانی اعداد و شمار) میں غیر معمولی تبدیلی محسوس ہوتے ہی فوری کارروائی کی اور انہیں اسپتال منتقل کیا۔
31 سالہ شریاس ایئر فی الحال سڈنی کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق وہ کم از کم ایک ہفتے مزید قیام کریں گے۔ ان کے صحت یاب ہونے کے بعد ہی انہیں بھارت واپس لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
ایئر اس وقت بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، تاہم ان کی عدم موجودگی سے ون ڈے اسکواڈ کو ضرور دھچکا لگے گا۔ بھارتی کرکٹ حلقوں میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔