Aaj Logo

شائع 26 اکتوبر 2025 02:15pm

امریکیوں کو کس چیز سے زیادہ ڈر لگتا ہے؟

ہالووین کا موسم ہے۔ ہر طرف کدو کے لالٹین، نقاب پوش بچے اور خوفناک ملبوسات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ اس بار امریکی عوام کو بھوت، چڑیلیں یا زومبیز نہیں، بلکہ حکومتی کرپشن سب سے زیادہ ڈرا رہی ہے۔

کیلی فورنیا کی چیپ مین یونیورسٹی کے ایک دلچسپ سروے کے مطابق،69 فیصد امریکیوں نے کہا کہ انہیں سیاست دانوں کی بدعنوانی سے سب سے زیادہ خوف ہے۔

یعنی لوگ اب بھوتوں سے نہیں، اپنے لیڈروں سے ڈرنے لگے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی یا قدرتی رجحان؛ آئس لینڈ میں پہلی مرتبہ مچھر دریافت

یہ سروے ہر سال ہالووین کے قریب کیا جاتا ہے تاکہ پتا چلے کہ امریکی کس چیز سے سب سے زیادہ ڈرتے ہیں اور لگتا ہے کہ اس بار جواب واضح ہے:”کرپشن، کرپشن، اور صرف کرپشن“

تحقیق کے مطابق، کرپشن کے بعد اپنوں کا بیمار ہونا، مالی تباہی اور سائبر حملے لوگوں کے بڑے خدشات ہیں۔

کئی شرکا نے کہا کہ وہ خبروں میں روز بڑھتی ہوئی معاشی غیر یقینی اور ہیکنگ کے واقعات سے خوفزدہ ہیں۔

وہ سیریز جس نے 60 سال پہلے ہی سوشل میڈیا سمیت ڈیجیٹل دنیا کا نقشہ کھینچ دیا تھا

مزے کی بات یہ ہے کہ ماہرین کہتے ہیں اصل میں خطرہ اتنا بڑا نہیں،لیکن چونکہ میڈیا انہی باتوں کو بار بار نمایاں کرتا ہے اس لیے لوگوں کو لگتا ہے جیسے یہ خطرات روزانہ ان کے آس پاس ہیں۔

سروے کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر بیڈر نے کہا، ’یہ جاننا کہ ہمیں کس چیز سے ڈر لگتا ہے، خوف بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔جب ہم اپنے خوف کو پہچان لیتے ہیں تو ہم اپنی سوچ پر قابو پا لیتے ہیں۔‘

ان کے مطابق، زیادہ تر لوگ اب بھوتوں یا مافوق الفطرت چیزوں سے نہیں بلکہحقیقی دنیا کے مسائل ،جیسے بدعنوانی، جنگ، اور معاشی دباؤ سے ڈرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نتیجہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی سیاست میں رپشن کے کئی کیسز نے سرخیاں بنائیں۔ نیویارک کے سابق میئر پر رشوت کے الزامات ہیں اور موجودہ امیدواروں کی سیاسی رسہ کشی نے عوام کے اعتماد کو مزید ہلا دیا ہے۔

ایک شہری نے مذاق میں کہا، ”ہالووین پر میں بھوتوں سے نہیں ڈرتا ، بس ٹی وی پر سیاست کی خبریں نہ چلاؤ!“

ماہرین کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ انسانوں کے خوف بھی بدل گئے ہیں۔پہلے لوگ اندھیری راتوں، قبروں اور جنّات سے ڈرتے تھے، اب سائبر حملے، مالی بحران اور کرپٹ سیاست ان کے نئے ”ڈراؤنے چہرے“ ہیں۔

تو اس ہالووین اگر آپ امریکہ میں ہیں اور کسی سے پوچھیں کہ وہ کس سے ڈرتا ہے تو جواب شاید یہی ہوگا،

”بھوت نہیں، سیاست دان زیادہ ڈراتے ہیں!“

واضح رہے کہ ہالووین مغربی ممالک کا تہوار ہے، جو 31 اکتوبر کو خاص طور پر امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور آئرلینڈ میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔

یہ عیسائی روایات اور قدیم کیلٹک تہوار ”سمہین“ کا امتزاج ہے۔ قدیم زمانے میں لوگ یہ دن فصلوں کے اختتام اور سردیوں کے آغاز کے طور پر مناتے تھے۔ ان کا یقین تھا کہ اس رات مردوں کی روحیں زمین پر واپس آتی ہیں، اس لیے وہ بھوتوں سے بچنے کے لیے نقاب پہنتے اور آگ جلاتے تھے۔

آج کے دور میں ہالووین ایک تفریحی تہوار بن چکا ہے، جس میں بچے ڈراؤنے لباس پہنتے ہیں، ”ٹرک اور ٹریٹ“ کھیلتے ہیں، کدو کے لالٹین بناتے ہیں اور پارٹیاں کرتے ہیں۔

Read Comments