Aaj Logo

شائع 26 اکتوبر 2025 08:47am

اسرائیل کو دوبارہ جنگ شروع کرنےکا جواز نہیں دیں گے، حماس رہنما

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بار بار یہ کہنے پر کہ ”غزہ کی جنگ ختم ہو چکی ہے“، ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کو دوبارہ جنگ شروع کرنے کا کوئی جواز نہیں دیں گے۔

خلیل الحیہ نے بتایا کہ حماس 28 میں سے 17 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر چکی ہے، تاہم دیگر لاشوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا غزہ میں امن فورس کی تعیناتی کے لیے بین الاقوامی معاہدے پر غور کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ عرب ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ امن فورس کے لیے فنڈز اور فوجی دستوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

روبیو نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے امن فورس میں ترکیہ کی شمولیت کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ غزہ میں ایک غیرجانبدار، کثیرالقومی فورس کی تعیناتی خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔

ادھر، غزہ میں جنگ بندی کے بعد امن کی صورتحال مستحکم کرنے کے لیے آج قطر میں کثیر القومی امن فورس کے قیام سے متعلق اہم مذاکرات ہوں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر قطر مذاکرات کامیاب ہوئے تو غزہ میں پہلی بار ایک بین الاقوامی امن فورس کی تعیناتی ممکن ہو سکتی ہے، جس سے خطے میں امن کی بحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

Read Comments