وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، نتیجہ جلد ہی سامنے آجائےگا۔ انہوں نےکہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو پاکستان افغان سرحد پر کھلی جنگ کے لیے تیار ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک افواج کے جوان سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور انہی شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور پولیس دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے، اور ہم ہر دوسرے دن شہدا کے جنازے اٹھاتے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر مذاکرات طے نہ پائے تو پاکستان افغان سرحد پر کھلی جنگ کے لیے تیار ہے۔ پاکستان پہلے ہی بھارت کے خلاف ایک جنگ لڑ چکا ہے، بھارت دوسری پراکسی وار افغانوں کے ذریعے لڑ رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور نتیجہ جلد سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوحہ مذاکرات میں شریک افغان وفد پاکستان میں ہی جوان ہوا ہے۔ دوحہ مذاکرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغان وفد امن چاہتا ہے اور اب جو بھی پاکستان آئے گا، وہ ویزے کے ذریعے آئے گا۔