Aaj Logo

شائع 24 اکتوبر 2025 03:23pm

ہنگو میں 2 دھماکے، ایس پی آپریشن سمیت 3 پولیس اہلکار شہید

ہنگو میں کے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں ایس پی آپریشن اسد زبیر اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے تو درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔

ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، راستے میں دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور ایس پی آپریشن سمیت 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے داخلی و خارجی راستے بند کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابلِ برداشت ہیں، قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

صدرِ مملکت نے شہید ایس پی اسد زبیر اور دیگر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

Read Comments