Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2025 12:07am

پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: لاؤڈ اسپیکر ایکٹ مزید سخت، سوشل میڈیا پرشرانگیزی کیخلاف زیرو ٹالرنس کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر مسلسل تیسرے غیر معمولی اجلاس میں ریاست کے خلاف سرگرم عناصر اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے متعدد تاریخی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے نفاذ کو مزید سخت کیا جائے گا جبکہ ہر ضلع میں وِسل بلور سیل قائم کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ہیلپ لائن 15 پر ایک خصوصی سیل تشکیل دیا گیا ہے جو انتہا پسند جماعتوں اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف فوری کارروائی کرے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ انتہا پسند جتھوں کے اشتہارات، تصاویر اور پلے کارڈز پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ پنجاب میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاست کی عمل داری ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ غیرقانونی اجتماعات یا کاروبار بند کرانے والے عناصر کے خلاف دہشتگردی کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں صوبےکو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنےکیلئے اقدامات کی رفتار تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور کہا کہ پنجاب میں ڈالاکلچر، بدمعاشی اور مافیا کلچرکوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کومبنگ آپریشن کی روزانہ رپورٹ اپ ڈیٹ کی جائے۔ رپورٹ میں یہ تفصیلات شامل ہوں گی کہ کتنے غیر قانونی رہائشی کہاں کاروبار سے منسلک ہیں اور کتنے کو ڈی پورٹیشن سینٹرز منتقل کیا گیا۔

مزید کہا گیا کہ عوام غیر قانونی رہائشیوں کو دکان یا مکان کرائے پر دینے سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کرایہ داری یا پاسپورٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اور اجلاس میں بتایا گیا کہ ہنرمند پروگرام کے تحت چند ماہ میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوانوں کی ٹریننگ مکمل ہوئی، جن میں سے 75 ہزار سے زیادہ نوجوان روزگار حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 450 خواجہ سرا افراد کو بھی روزگار فراہم کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے پر سانائے تاکائچی کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Read Comments