Aaj Logo

شائع 22 اکتوبر 2025 11:52am

علیمہ خان کے روپوش ہونے کے بیان پرعدالت پولیس پر برہم، ضمانتی بونڈز ضبط

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کے چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے روپوش ہونے سے متعلق پولیس کی رپورٹ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی رپورٹ بوگس ہے۔

عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت کےدوران عدالت نے علیمہ خان کے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ مزید برآں، علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

عدالت نے علیمہ خان کو 10،10 لاکھ روپے کے شورٹی بانڈز جمع کرانے کی ہدایت دی اور ایس پی راولپنڈی اور ڈی ایس پی نعیم کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ دونوں پولیس افسران کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اگر علیمہ خان روپوش ہیں تو ان کی میڈیا ٹاک کس طرح نشر ہوتی ہے؟ اس پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔

اس کے علاوہ، عدالت نے چار گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے شورٹی بانڈز بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے، مقدمے کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

Read Comments