مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کے بیان کو غیر ضروری قرار دے دیا ہے۔ آزادکشمیر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ قیادت کرے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر سے علیحدگی سے متعلق فیصلے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے کرنے ہیں، اس وقت حکومت ختم کی جا رہی ہے نہ علیحدگی کا معاملہ زہر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر کو محتاط سیاسی رویہ اپنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریکِ عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ اس کا جمہوری حق ہے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) کسی نئی یا غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی۔
شاہ غلام قادر کے مطابق مسلم لیگ (ن) اب اپوزیشن میں بیٹھے گی اور اپنی سیاسی جدوجہد آئینی و جمہوری دائرے میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں مضبوط اور پائیدار حکومت صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی قائم ہو سکتی ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ جماعت مہاجرین اور بیرونِ ملک کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے، جبکہ پارٹی ایک منظم اور مقبول قوت کے طور پر عوامی سطح پر ابھر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آئینی اور سیاسی بحران کے حل میں مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔