Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2025 12:06pm

بارکھان، رکھنی اور گردونواح میں زلزلہ، شدت کتنی تھی؟

بلوچستان کے ضلع بارکھان اور اس کے اطراف میں واقع شہر رکھنی میں آج صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز رکھنی سے 39 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کا مرکز رکھنی کے قریب زیرِ زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے جھٹکے بارکھان کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ رکھنی، ڈھاڈر اور گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے فوری بعد شہریوں میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو بھی معمولی نقصان پہنچا، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امدادی ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور زلزلے کے ممکنہ جھٹکوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رہیں اور افواہوں سے بچیں۔

Read Comments