خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اتوار کو سوات اور اس کے مضافاتی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 50 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم حکام نے شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری انڈین اور تیسری اریبئین ہے۔
زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔