Aaj Logo

شائع 19 اکتوبر 2025 07:00pm

پیرس کے مشہور لوور میوزیم میں بڑی ڈکیتی، صرف 7 منٹ میں ملزمان قیمتی جواہرات لوٹ کر فرار

پیرس کے مشہور لوور میوزیم میں بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے جس کے بعد عجائب گھر کو ایک دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

فرانس کے وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق، واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، جب میوزیم عوام کے لیے کھل چکا تھا۔ چور میوزیم کی عمارت میں داخل ہوئے، جہاں فرانس کے شاہی تاج اور دیگر تاریخی زیورات رکھے گئے ہیں۔

فرانس کے وزیر داخلہ Laurent Nuñez نے ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران بتایا کہ چوروں نے پیرس کے لوور میوزیم میں سات منٹ کے اندر قیمتی زیورات کو چوری کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ چوری کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور چوری شدہ اشیاء کی تفصیلی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔

وزارت کے مطابق، ”ان نوادرات کی مالی قیمت اپنی جگہ، لیکن ان کی تاریخی اور ثقافتی حیثیت ناقابلِ بیان ہے۔“ خوش قسمتی سے واقعے میں نہ تو کسی سیاح، عملے کے رکن یا قانون نافذ کرنے والے اہلکار کو نقصان پہنچا۔

فرانسیسی وزیرِ ثقافت راشیدہ داتی نے بتایا کہ چوری کا عمل حیران کن حد تک تیز تھا۔ ان کے مطابق، “ہم چوری کے چند منٹ بعد موقع پر پہنچے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چوری شدہ قیمتی زیورات میں سے ایک زیور میوزیم کے قریب سے ملا ہے۔

میوزیم کے باہر سے حاصل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پولیس نے داخلی دروازے اور اردگرد کی سڑکیں بند کر دیں، جس سے درجنوں سیاح حیران و پریشان کھڑے دکھائی دیے۔

لوو میوزیم کی تاریخ میں چوری کے متعدد واقعات

یہ پہلا موقع نہیں جب لوو میوزیم کو چوروں کا سامنا کرنا پڑا۔ سن 1911 میں اس میوزیم سے مونا لیزا کو ایک سابق ملازم نے چرا لیا تھا، جو دو سال بعد اٹلی کے شہر فلورنس سے بازیاب ہوئی تھی۔ پھر سن1983 میں نشاۃ ثانیہ کے دور کی دو زرہ بند پوشاکیں بھی چرائی گئی تھیں، جو تقریباً چالیس سال بعد برآمد ہوئی تھیں۔

Read Comments